ملک بھر میں سردی کی لہر جاری، مری میں برفباری، سیاحوں کا رش
ملک بھر میں سردی کی لہر جاری، مری میں برفباری، سیاحوں کا رش
گلگت، اسلام آباد، مری (نیوز ایجنسیاں) ملک کے مختلف علاقوں میں برفباری اور بارش سے سردی کی لہر میں شدت آ گئی جبکہ راستے بند ہو جانے سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا۔ گلگت بلتستان اور غدر میں برفباری کے بعد سردی بڑھ گئی۔ رات بھر ہونے والی برفباری سے چترال کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والا واحد زمینی راستہ لواری ٹاپ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہو گیا ہے تاہم بعدازاں فوج نے برف ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی۔ درجنوں گاڑیاں سرنگ کے باہر پھنس گئیں۔ اس کے علاوہ ملکہ کوہسار مری میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ پنجاب میں سیالکوٹ اور پوٹھوہار ریجن میں بھی کہیں کہیں بارش ہوئی ہے جس نے موسم کو مزید دلفریب بنا دیا ہے، سیاحوں کی بڑی تعداد مری پہنچ گئی ہے تاہم وسطی اور جنوبی پنجاب میں دھند کا سلسلہ برقرار ہے۔ کوئٹہ سے چلنے والی یخ بستہ ہواﺅں نے کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بھی سردی کی شدت بڑھا دی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹے میں مزید علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ سب سے کم درجہ حرارت قلات میں ریکارڈ کیا گیا۔ کم سے کم درجہ حرارت کچھ اس طرح سے رہا کوئٹہ -6، پنجگور-1 جبکہ قلات میں سب سے کم درجہ حرارت منفی 10 ریکارڈ کیا گیا۔
سردی لہر