• news

شہبازشریف کو بھائی سمجھتا ہوں: طیب اردگان

لاہور (خصوصی رپورٹر) ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردگان نے پاکستان ترکی بزنس فورم 2013 سے خطاب میں شہبازشریف کی صوبہ پنجاب میں شاندار کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ میٹروبس پراجیکٹ سے لاہور مکمل طور پر بدلاہوا اور ترقی یافتہ شہر میں تبدیل ہوگیا ہے۔  میں سمجھتا ہوں کہ میٹروبس جیسے منصوبے راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی بننے چاہئیں۔ ترک وزیراعظم نے شہبازشریف کو اپنا بھائی قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ انتہائی جانفشانی، عزم اور حوصلے سے کام کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اپنے خطاب میں پاک ترک دوستی کو بھائی چارے سے بڑھ کر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ رشتہ ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے۔ ترک وزیراعظم رجب طیب اردگان کی کرشمہ ساز لیڈر شپ میں ترکی کاسا بلانکا سے لے کر کوالالمپور تک رول ماڈل بن چکا ہے اور ہم ترک وزیراعظم کی لیڈر شپ کو سلیوٹ کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے میٹروبس پراجیکٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کبھی شاگرد استاد سے آگے نکل جاتے ہیں۔ ترکی میں میٹروبس پراجیکٹ اڑھائی برس میں مکمل ہوا جبکہ لاہور میں 11ماہ کی قلیل مدت میں میٹرومنصوبے کو مکمل کیا گیا۔ وزیراعلی کے پرجوش اور مدلل خطاب کے دوران ہال تالیوں سے گونجتا رہا۔ وزیراعلیٰ خطاب کے بعد ترک وزیراعظم کی نشست پر آئے اور بغل گیر ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن