• news

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے کھلاڑیوں کے ناموں پر مشاورت مکمل

لاہور(سپورٹس رپورٹر) سری لنکا کے خلاف امارات میں کھیلی جانے والی ہوم سیریز کے ٹیسٹ میچز کے لئے قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں پر مشاورت مکمل کر لی گئی جس کا اعلان 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران عبوری کمیٹی کے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی منظوری کے بعد کر دیا جائے گا۔ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والے محمد حفیظ، احمد شہزاد اور عمر گل کے علاوہ یونس خان اور اسد شفیق کی ٹیسٹ سکواڈ میں شمولیت کا قوی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز اور سری لنکا کے خلاف پہلے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے 20 ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست تیار کر لی ہے۔ عبوری کمیٹی کے نگران چیئرمین نجم سیٹھی اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان کے درمیان آج ملاقات متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق عمر اکمل، سہیل تنویر، حارث سہیل اور صہیب مقصود کو ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ نہیں دی جا رہی۔ عمر اکمل کی جگہ وکٹ کیپنگ کے شعبہ کے لئے عدنان اکمل کا نام زیر غور ہے۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے ممکنہ کھلاڑیوں میں مصباح الحق (کپتان)، محمد حفیظ، شان مسعود، خرم منظور، اسد شفیق، یونس خان، عدنان اکمل، احمد شہزاد، سعید اجمل، عمر گل، جنید خان، راحت علی، احسان عادل، بلاول بھٹی، عبدالرحمان اور ذوالفقار بابر سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ عبوری کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی امارات کا دورہ مکمل کرنے کے بعد پیر اور منگل کی درمیانی شب لاہور پہنچ گئے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ شان مسعود اور عمر اکمل کے ناموں کو بھی ایک مرتبہ پھر زیر غور لایا جائے گا جس کے بعد حتمی فہرست میں کسی ایک کو جگہ مل سکے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 31 دسمبر کو ابوظہبی ٹیسٹ سے ہوگا۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 8 سے 12 جنوری تک دبئی میں جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 16 سے 20 جنوری 2014ء تک شارجہ میں کھیلا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن