ترک وزیراعظم کی آمد، ناقص حکمت عملی سے ٹریفک جام، شہریوں اور پولیس اہلکاروں میں جھگڑے، ہاتھا پائی
لاہور (نامہ نگار) ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردگان کی لاہور آمد پر ٹریفک پولیس کی ناقص حکمت عملی اور عدم توجہی کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا بدترین جام رہا جبکہ شاہراہ قائداعظم پر تقریباً سارا دن ٹریفک معطل رہی ۔ پولیس و ٹریفک وارڈنز نے روٹ کے تمام راستوں اور ان سے ملحقہ سڑکوں کو رکاوٹیں اور بیرئیر لگاکربند کر دیا تھا۔ جس کے باعث یہاں ٹریفک کا مسئلہ گھمبیر صورتحال اختیار کر گیا اور شہریوں کو شدید پریشانی و مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگ گئیں اور شہری گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہے۔ اس صورتحال میں ٹریفک پولیس مکمل طور پر ناکام نظر آئی۔ ایمبولینس ٹریفک میں پھنسی رہیں جبکہ کئی گاڑیوں میں پٹرول ختم ہو گیا اس موقع پر کئی علاقوں میں شہریوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھگڑا ہوا اور ہاتھا پائی ہوئی۔ عرس حضرت داتا گنج بخشؒ پر سبیل کیلئے دودھ لے جانے والے گوالوں اور پولیس کے اہلکاروں میں مارکٹائی بھی ہوئی اور گوالے خود ہی رکاوٹیں ہٹاکر آگے بڑھ گئے۔