اپوزیشن کے فری ہینڈ کے باوجود حکومت طالبان سے مذاکرات پر الجھی ہوئی ہے: خورشید شاہ
لاہور (آئی این پی) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے فری ہینڈ دینے کے باوجود حکومت طالبان سے مذاکرات کے معاملے پر الجھی ہوئی ہے‘چوہدری نثار کے معاملات صرف اپوزیشن کیساتھ نہیں اپنی پارٹی کے ساتھ بھی الجھتے جا رہے ہیں‘ ہم گو بابا گو اور گو مشرف گو جیسی نہیں بلکہ ذمہ دارانہ اپوزیشن کر رہے ہیں اور حکومت کو آئینی مدت پوری کرنے کا پورا موقع دینا چاہتے ہیں‘ سیاسی جماعتوں کی لڑائی سے ماضی میں تیسری قوت فائدہ اٹھاتی رہی اب ایسا نہیں چاہتے‘ کوئی بھی اپوزیشن فرینڈلی نہیں ہوتی‘ ن لیگ نے قوم سے بہت وعدے کئے جو پورے نہیں ہو رہے، مہنگائی کے خلاف احتجاج تحریک انصاف کا حق ہے‘ اگر مہنگائی کم نہ ہوئی تو عمران خان کے جلسہ سے دس گنا زیادہ لوگ حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر آئیں گے۔ اجتماعی شادیوں کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ مہنگائی صوبائی نہیں بلکہ وفاقی حکومت کا معاملہ ہے لیکن اگر اس کے باوجود عمران خان سندھ میں آ کر احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو یہ ان کا جمہوری حق ہے لیکن کے پی کے میں مہنگائی نہیں کیونکہ وہاں ٹماٹر 2 روپے کلو‘ آٹا 5 روپے اور گھی مفت مل رہا ہے‘ عمران خان کو تمام حقائق سامنے رکھنے چاہئیں لیکن لاہور میں ان کے احتجاج میں عوام نے شرکت کی ہے اور حکمرانوں کو اس پر اپنی آنکھیں کھولنی چاہئیں ورنہ اس سے دس گنا احتجاج سڑکوں پر ہو گا۔