سینٹ کو غلط معلومات اور جعلی دستاویز دینے پر ایم ڈی پاکستان سکیورٹی پیپرز کارپوریشن آج استحقاق کمیٹی میں طلب
اسلام آباد (اے این این) سینٹ کو غلط معلومات دینے اور جعلی دستاویز پیش کرنے پر ایم ڈی پاکستان سکیورٹی پیپرز کارپوریشن نیئر مظفر حسین کو (آج) استحقاق کمیٹی میں طلب کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ اور استحقاق و قواعد و ضوابط کے اجلاس آج (منگل کو) پارلیمنٹ ہائوس میں ہونگے۔ استحقاق و قواعد و ضوابط کمیٹی کا اجلاس دن گیارہ بجے طاہر حسین مشہدی کی صدارت میں کمیٹی روم نمبر 4 میں ہو گا جس میں سلیم مانڈوی والا اور سینیٹر سعید غنی کی تحریک استحقاق پر غورکیا جائیگا۔ سینیٹر سعید غنی نے ایم ڈی پاکستان سکیورٹی پیپرز کارپوریشن نیئر مظفر حسین اور وزارت خزانہ کے حکام کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرا رکھی ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ موصوف نے سینٹ کوغلط معلومات اور جعلی دستاویزات فراہمی کی ہیں۔ کمیٹی (آج) ان سے بالمشافہ وضاحت طلب کرے گی۔ بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کا اجلاس دن ڈھائی بجے کمیٹی روم نمبر ایک میں چیئرمین فرح عقیل کی صدارت میں منعقد ہو گا جس میں پی ٹی ڈی سی کی خیبر پی کے میں کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا۔