• news

چین ایٹمی پاور پلانٹ کیلئے 6.5 ارب ڈالر کا قرضہ دیگا، معاہدہ پر دستخط

اسلام آباد (رائٹرز + آن لائن + آئی این پی) چین نے کراچی میں 1100 میگاواٹ کے دو ایٹمی بجلی گھر لگانے کے منصوبے کیلئے کم از کم ساڑھے چھ ارب ڈالر قرضہ کی منظوری دیدی ہے اور کہا ہے چین کا پاکستان سے جوہری تعاون عالمی قواعد و ضوابط کے مطابق ہے جس پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہئے جبکہ وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے اس منصوبے پر اعتراض کرنے والے بتائیں ہم اپنی ضروریات کہاں سے پوری کریں۔ مزید برآں پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئرمین عنصر پرویز نے ایک انٹرویو میں کہا چین کو پاکستان کی صلاحیت پر مکمل اعتماد ہے اور وہ پاکستان سے بھرپور تعاون کر رہا ہے۔ انہوں نے سرمائے کے بارے میں تفصیلات بتانے سے گریز کیا اور بتایا دو ری ایکٹرز کا یہ منصوبہ 2019ء میں مکمل ہوگا اور ان کی مجموعی صلاحیت پاکستان میں اب تک لگائے جانیوالے تمام ایٹمی بجلی گھروں سے زیادہ ہے۔ عنصر پرویز نے اپنے انٹرویو میں کہا سویلین نیوکلیئر تعاون کے حوالے سے  دوغلا معیار نہیں ہونا چاہئے، پاکستان کی توانائی کی ضروریات ہیں اور ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں ہم پر لگائی جانے والی پابندیاں ہمیں آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتیں۔ اس مجوزہ منصوبے پر اعتراضات کے بارے میں جب وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا جوہری ذرائع سے 1000 میگاواٹ بجلی پیدا ہونے سے ملک کو تیل کی درآمد پر ایک ارب ڈالر کی بچت ہوتی ہے، تنقید کرنیوالے بتائیں ہمارے پاس متبادل کیا ہے اور ہم کس طرح کم لاگت اور صاف ایندھن حاصل کر سکتے ہیں، وہ ہمیں تجاویز دیں، ہم ان کی بات سننے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے چین پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط و مستحکم کرنا چاہتا ہے اور وہ اس سلسلے میں پاکستان کو جوہری پاور پلانٹ کی تعمیر کیلئے معاونت فراہم کر رہا ہے۔ رپورٹ میں پاکستانی وزارت خزانہ کے حکام کی طرف سے فراہم کردہ دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا چین کے ادارے چائنا نیشنل نیوکلیئر کو آپریشن (سی این این سی) نے پاکستان کو سب سے بڑے جوہری پلانٹ کی تعمیر کیلئے 6 ارب 50کروڑ ڈالر کا قرضہ دینے کا وعدہ کیا ہے اس پاور پلانٹ میں دو ری ایکٹرز ہوں گے جن کے ذریعے 11، 11 سو میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکے گی۔ رپورٹ کے مطابق حکومتی توانائی ٹیم کے دو ممبران اور دیگر تین قریبی ذرائع نے اس ڈیل کا انکشاف کیا ہے۔ خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ڈیل کے تحت چین نے قرض پر 2 لاکھ 50 ہزارڈالر کی انشورنس پریمیئم بھی رکھی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ معلومات وزارت پانی و بجلی کے ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر فراہم کیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن