• news

کھیلیں حکومتی سپورٹ کے بغیر ترقی نہیں کر سکتیں : چودھری یعقوب

 لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان والی بال فیڈریشن کے صدر چودھری یعقوب نے کہا کہ کھیلیں حکومتی سپورٹ کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی ہیں، دو سال تک عہدوں کے حصول کے لالچ نے پاکستان  میں والی بال کھیل کو بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ آئی او سی کی جانب سے پاکستان میں کھیلوں کی اصل تنظیموں کی تصدیق ہو گئی ہے۔ پاکستان والی بال فیڈریشن نے قومی کھیل کو ترقی دینے کے لئے اپنے پروگرام کا شیڈول ترتیب دیدیا ہے جس کے مطابق ابتدائی مرحلے میں پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ کی ٹیموں کے درمیان 6 نمائشی میچز کا اہتمام کیا ہے جو پنجاب کے مختلف شہروں میں منعقد کیے جائیں گے۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چودھری یعقوب کا کہنا تھا کہ گرین ٹیم کی قیادت نصیر احمد جبکہ وائٹ ٹیم کی قیادت کاشف منصور انجام دینگے۔ 6 نمائشی میچوں کا پہلا مقابلہ آج 25 دسمبر کو شکرگڑھ میں ہوگا۔ دوسرا میچ 26 دسمبر کو سیالکوٹ میں، تیسرا میچ 27 دسمبر کو کولو تارڑ میں ہوگا۔ چوتھے نمائشی میچ کے لئے دونوں ٹیمیں 29 دسمبر کمالیہ میں مد مقابل ہونگی۔ پانچواں میچ 30 دسمبر کو پاک پتن میں جبکہ چھٹا اور آخری میچ یکم جنوری 2014ء کو ڈی جی خان میں کھیلا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن