وزیراعظم اور آرمی چیف شمالی وزیرستان میں آپریشن رکوائیں: ارکان فاٹا، خیبر پی کے اسمبلی
اسلام آباد (آئی این پی) فاٹا سے ارکان قومی اور خیبر پی کے اسمبلی کے ارکان نے وزیراعظم نوازشریف، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف اور وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے پرزور اپیل کی ہے کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن فوری طور پر روکا جائے، مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل حل کئے جائیں، بیرونی قوتیں نہیں چاہتیں کہ پاکستان میں امن ہو، جب بھی مذاکرات کا نام لیا جاتا ہے تو ڈرون گرا کر حالات کو مزید خراب کر دیا جاتا ہے۔ نیشنل پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی محمد نذیر ایم، محمد غالب اور مولانا جمال الدین سمیت دیگر نے کہا کہ اگر ڈرون حملے بند ہو جائیں تو پاکستان میں 80 فیصد امن ہو جائے گا اور باقی 20 فیصد مذاکرات سے حل ہو سکتے ہیں۔ کرفیو کی وجہ سے 70 سے زائد لوگ مارے جا چکے ہیں اور گھروں سے راشن بھی ختم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ آفس کے سات دن سے چکر لگا رہے ہیں لیکن وہ ٹائم نہیں دے رہے۔ اگر تمام سیاستدان اپنی نیت صاف کر لیں تو طالبان کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہو سکتے ہیں۔ فاٹا کے لوگ محب وطن ہیں، پاکستان میں امن اور ترقی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم طالبان کو دعوت دیتے ہیں کہ ہمارے ساتھ مذاکرات کریں اور اپنی طاقت پاکستان کی افواج کے ساتھ مل کر ملک دشمنوں کے لئے استعمال کریں تا کہ پاکستان میں امن و استحکام قائم ہو سکے۔