امریکہ کا اسامہ کے داماد پر نیا الزام، تعلق بم چھپا کر طیارہ اڑانے کی کوشش کرنیوالے سے تھا
نیویارک (اے ایف پی) امریکی پراسیکیوٹر نے اسامہ بن لادن کے داماد سلیمان ابوغیث پر نیا الزام لگایا ہے کہ اس کا تعلق 2001ء میں جوتے میں بم چھپانے کی پاداش میں گرفتار بمبار سے بھی تھا۔ 48 سالہ ابوغیث کا ٹرائل 3 فروری کو ہو گا۔ ان پر دہشت گردوں کو معاون مواد فراہم کرنے کا بھی الزام ہے۔ امریکی ایجنٹوں نے القاعدہ کے سابق ترجمان کو اردن سے گرفتار کیا تھا۔ پراسیکیوٹر کے مطابق ابوغیث نے اکتوبر یا نومبر 2001ء کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں طیاروں کے طوفان کی دھمکی دی تھی جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس بیان کے ایک ماہ بعد دسمبر میں جوتے میں بم چھپا کر پیرس سے میامی آنے والی پرواز کو تباہ کرنے کی سازش میں رچرڈ رائد کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ابوغیث پر اس سے قبل امریکیوں کو قتل کرنے کا الزام بھی عائد ہے۔