نواب ٹائون، ساڑھے 4سالہ بچی سے زیادتی کا ملزم نہ پکڑا گیا، وزیراعلیٰ کا نوٹس
لاہور (نامہ نگار) نواب ٹائون کے علاقہ میں کرایہ دار کی ساڑھے چار سالہ بچی (ع) کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم دوسرے روز بھی گرفتار نہیں ہوسکا جبکہ بچی کی ہسپتال میں حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ بچی کے ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی بچی کو درندگی کا نشانہ بنانے والا ملزم نادر سابق پولیس کانسٹیبل ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ نادر محکمہ پولیس کا سابق ملازم نہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جلد ہی اْسے گرفتار کر لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے ملزم کے دو بھائیوں کو بھی حراست میں لے لیا ہے جن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لاہور کے علاقہ نواب ٹائون میں ساڑھے 4سالہ بچی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی اور ملزم کی فوری گرفتاری کا بھی حکم دیا ہے۔