بلوچستان میں انسداد پولیو مہم جاری، فاٹا کے لاکھوں بچے ویکسئین سے محروم
کوئٹہ/پشاور (آئی این پی) بلوچستان میں تین روزہ انسداد پولیو مہم دوسرے روز بھی جاری رہی ، پولیوٹیموں کی سیکورٹی کیلئے پولیس اور لیویز اہلکار تعینات کئے گئے۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق چمن پشین لورالائی زیارت، ژوب سمیت شمالی بلوچستان کے اضلاع میں پولیو قطرے پلانے کی تین روزہ مہم گزشتہ روزشروع کی گئی ۔ ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنر مہم کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے پولیس اور لیویز اہلکار تعینات کئے گئے۔ چمن میں پاک افغان سرحد پر باب دوستی گیٹ پر بھی مستقل ٹیم بیٹھا دی گئی تا کہ سرحد پر آمدورفت کے دوران ہر آنے جانے والے پانچ سال تک کے بچوں کو قطرے پلائیں جا سکیں چمن میں تین روزہ مہم کے دوران تقریباً ڈیڑھ لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا۔ ادھر شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت فاٹا کے مختلف علاقوں میں گزشتہ دو سال سے سکیورٹی خدشات کے باعث انسداد پولیو مہم شروع نہ ہوسکی ‘ لاکھوں بچے پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہ گئے۔ فاٹا سیکرٹریٹ کے مطابق جنوبی وزیرستان میں ایک لاکھ 69 ہزار بچے‘ شمالی وزیرستان میںایک لاکھ 66 ہزار بچے جبکہ باڑا خیبر ایجنسی میں 39 ہزار بچے پولیو سے بچائو کے قطرے پینے سے محروم رہے ۔