حکومت کا ہنی مون پیریڈ ختم‘ مخالف جماعتوں میں قربت بڑھنے لگی
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) نواز شریف حکومت کا ’’ہنی مون پیریڈ‘‘ ختم ہو گیا‘ مسلم لیگ حکومت مخالفت قوتیں حکومت کے لئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مشکلات پیدا کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں‘ حکومت کی جانب سے ’’ہارڈ لائن‘‘ اختیار کرنے پر اپوزیشن کی دو جماعتوں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کو قریب تر کر دیا ہے جبکہ وہ کچھ ایشوز پر ایک ہی ’’صفحہ‘‘ پر کھڑی نظر آتی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے متحدہ اپوزیشن کے قیام کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دیا۔ ان کی حکمت عملی سے ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی اپوزیشن کی دو جماعتوں سے بالکل الگ تھلگ اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ چودھری نثار کے عبد القادر ملا کو پھانسی دینے کے واقعہ پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر جاندار موقف اختیار کرنے پر جماعت اسلامی کے پارلیمنٹیرینز کے رویہ میں تبدیلی آئی ہے۔ وفاقی حکومت نے جنوری 2014ء میں قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے مسلم لیگی حکومت پر وزیراعظم کی دونوں ایوانوں میں موجودگی کے لئے دباؤ ہے۔