فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی تو مشرف عدالت میں پیش ہوں گے: احمد رضا قصوری
اسلام آباد (آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی تو عدالت میں پیش ہوں گے، بلوچستان حکومت اور وفاقی ضلعی انتظامیہ نے عدالتوں میں پیشی کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی سے معذرت کرلی تھی، وفاقی پولیس اور انتظامیہ کے پاس مشرف کو فول پروف سکیورٹی دینے کی صلاحیت نہیں۔ برطانیہ کے قانون دان اور سول سوسائٹی مغرب اور سعودی عرب پر پرویز مشرف کی رہائی کیلئے دبائو بڑھا رہی ہے۔ صحافیوں سے گفتگو میں احمد رضا قصوری نے کہا پرویز مشرف عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور ہمہ وقت عدالتوں میں پیشی کیلئے تیار رہتے ہیں۔ سابق صدر خصوصی عدالت جانے کیلئے تیار تھے کیونکہ گھر کے قریب سے بارودی مواد برآمد ہوا۔یہی چیز عدالت کو باور کرائی گئی کہ سابق صدر کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ حکومت فول پروف سکیورٹی فراہم کرے تو پرویز مشرف ہر عدالت میں جانے کو تیار ہیں۔ احمد رضا قصوری نے انکشاف کیا کہ برطانیہ کی دو معروف قانونی فرموں نے جنیوا میں انسانی حقوق کمیشن کو کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جس شخص نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں اسے اکیلا چھوڑ دیا گیا، یہ انسانی حقوق کا مسئلہ ہے۔ پرویز مشرف کو 3 نومبرکے اقدامات پرکوئی شرمندگی نہیں ہے اور نہ ہی ان کے موقف میں کوئی تبدیلی آئی ہے۔