• news

پاکستان بھارت کا سرحد پر غیرقانونی نقل و حمل روکنے کیلئے مشترکہ گشت پر اتفاق

لاہور (نوائے وقت نیوز+ نیوز ایجنسیاں) پاکستان بھارت سرحدی محافظوں کا اجلاس دوسرے روز بھی جاری رہا۔ سرحدی حکام نے دونوں ممالک کے درمیان سزا پوری کرنیوالے قیدیوں کی واپسی اور سرحد پر غیرقانونی نقل و حمل روکنے کیلئے مشترکہ گشت پر اتفاق کیا۔ رینجرز ہیڈکوارٹرز لاہور میں بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس اور رینجرز حکام کے درمیان پانچ روزہ ششماہی اجلاس جاری ہے۔ بھارت کی بارڈر سکیورٹی فورس کا وفد ڈی جی پی ایس سبھاش جوشی کی قیادت میں گزشتہ روز لاہور پہنچا تھا۔ مذاکرات میں پاکستان کی طرف سے ڈی جی رینجرز میجر جنرل طاہر جاوید خان قیادت کررہے ہیں۔ اجلاس میں سرحد سے متعلق معاملات، سمگلنگ کی روک تھام، بلااشتعال فائرنگ اور سرحد کے آرپار غیرقانونی تعمیرات جیسے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشترکہ اعلامیہ 28 دسمبر کو جاری ہو گا۔ یہ بھی اتفاق ہوا کہ دونوں جانب سے ہاٹ لائن رابطے کو مزید موثر کیا جانا چاہئے۔ اجلاس سے قبل رینجرز ہیڈکوارٹرز آمد پر مہمان وفد کے اعزاز میں پرتکلف ناشتے کا اہتمام کیا گیا۔ واضح رہے یہ مذاکرات اس وقت ہو رہے ہیں جب ایک روز قبل 14 سال بعد دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز میں ملاقات ہوئی اور دونوں اطراف سے سیزفائر لائن برقرار رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن