پاکستان نے سری لنکا کو چوتھا ون ڈے ہرا کر سیریز جیت لی
ابوظہبی (سپورٹس ڈیسک + آن لائن) ابوظہبی میں سری لنکا کیخلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے سری لنکاکو 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز جیت لی۔ پاکستان نے 226رنزکاہدف 2وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ پاکستان کی کامیابی میں محمد حفیظ کے شاندار 113 رنز شامل ہیں۔ صہیب مقصود نے بھی 46 رنزکی شاندار اننگز کھیلی۔ 5 میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 3-1 سے واضح برتری حاصل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم سعید اجمل اور عمر گل کی عمدہ بولنگ کی وجہ سے سری لنکا کی ٹیم پاکستان کو ایک بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 225 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں پاکستان کو اننگز کے آغاز میں اوپنر شرجیل خان کی وکٹ کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا جنہیں اینجلو میتھیوز نے 13 کے انفرادی سکور پر بولڈ کیا تاہم اسکے بعد احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 84 رنز کی شراکت قائم کی جس کا خاتمہ لکمل نے احمد شہزاد کو کیچ کروا کے کیا۔ محمد حفیظ نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 113 ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ اس سے قبل سری لنکا کی جانب سے کشال پریرا اور تلکارتنے دلشان نے جارحانہ انداز میں اننگز شروع کی اور ابتدائی دو اوور میں 8 کی اوسط سے رنز بنائے تاہم عمر گل نے اپنے پہلے ہی اوور میں پریرا کو کیچ کروا کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلوائی۔ عمرگل نے جلد ہی دلشان اور چندی مل کو بھی واپس پویلین بھیج کر سری لنکا کو مشکل میں ڈال دیا۔ اس موقع پر اپنا پہلا میچ کھیلنے والے پرینجن اور تجربہ کار کمارا سنگاکارا نے ٹیم کو سہارا دیا اور 89 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ اس شراکت کا خاتمہ اننگز کے 29 ویں اوور میں سنگاکارا کے رن آؤٹ ہونے پر ہوا۔ آؤٹ ہونے سے قبل سنگاکارا نے ایک روزہ میچوں میں83 ویں نصف سنچری مکمل کی۔ سنگاکارا کے جانے کے بعد پرینجن نے کپتان میتھیوز کے ساتھ ملکر 40 رنز کی ایک اور اہم شراکت قائم کی لیکن انکی ناتجربہ کاری آڑے آئی اور وہ جنید خان کی گیند پر 74 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔ اس موقع پر پاکستانی آف سپنر سعید اجمل نے سری لنکن بلے بازوں کو اپنی سپن کے جال میں جکڑ لیا اور پہلے کولاسیکرا اور پھر لگاتار دو گیندوں پر میتھیوز اور سنانائیکے کو آؤٹ کرکے سری لنکن ٹیم کی بڑا سکور کرنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ سعید اجمل نے 39 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اجمل نے ہی ملنگا کو آؤٹ کر کے 225 کے مجموعی سکور پر سری لنکن اننگز کا خاتمہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے 4، عمر گل نے 3 جبکہ جنید خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ کیلئے پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ سری لنکا نے اپنی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں اور دو نئے کھلاڑیوں پرینجن اور ویتھنگے کو موقع دیا۔ اس سے قبل سیریز کے پہلے دو میچوں میں کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملا تھا اور شارجہ میں پہلا میچ پاکستان نے 11 رنز سے جبکہ دبئی میں دوسرا میچ سری لنکا نے دو وکٹوں سے جیتا تھا تاہم شارجہ میں تیسرے میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو 113 رنز کے واضح فرق سے شکست دی تھی۔ محمد حفیظ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔ ملالہ یوسف زئی جو کہ شاہی مہمان تھی نے بھی سٹیڈیم میں میچ دیکھا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے قومی ٹیم کو سری لنکا کیخلاف سیریز جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔