• news

باکسنگ کے فروغ کیلئے پاکستان میں اکیڈمی بنائوں گا : عامر خان

 لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر اپنی فیملی کے ساتھ لاہور پہنچ گئے۔ گذشتہ روز انہوں نے لمزیونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ فیملی کے تمام ارکان بھی موجود تھے۔ لمز یونیورسٹی کی جاری سالانہ کھیلوں کے موقع پر عامر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے لئے اکیڈمی بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ پاکستان میں بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے، اصل ضرورت اسے نکھارنے اور سامنے لانے کی ہے۔ باکسنگ ہی نہیں دیگر کھیلوں جن میں ٹینس، فٹبال اور دیگر گیمز کے فروغ کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ پہلی مرتبہ پوری فیملی کے ساتھ پاکستان آیا ہوں، خاص طور پر میری بیگم کو پاکستان دیکھنے کا بہت شوق تھا۔کھیلوں کے ساتھ ساتھ تعلیم اور صحت کے شعبوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ میں اپنے بھائی کے ساتھ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے کام کرونگا۔ میرے لئے فخر کی بات ہوگی کہ کسی بھی سطح پر اپنے ملک کی خدمت کر سکوں۔ عامر خان کی والدہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دعا ہوتی ہے کہ میرا بیٹا جیت کر اپنے ملک کا نام روشن کرے اور اگر میچ کے دوران اسے چوٹیں لگتی ہیں آپ سب کی طرح مجھے بھی تکلیف ہوتی ہے لیکن جب وہ جیت جاتا ہے تمام چوٹیں بھول جاتی ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن