• news

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ بنگلہ دیش سے بھارت منتقل ہونے کا امکان

 نئی دہلی(آئی این پی) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگلہ دیش کی امن وامان کی ابترصورتحال کے باعث ٹی ٹونٹی ورلڈکپ بھارت منتقل ہونے کاقوی امکان ہے۔ میگا ایونٹ کی میزبانی کیلئے کولکتہ اوررانچی متبادل وینیوزہوسکتے ہیں۔ میگا ایونٹ بنگلہ دیش کے تین وینیوز سلہٹ، میرپور اور چٹاگانگ میں شیڈول ہے۔ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ بنگلہ دیش کی مخدوش صورتحال کے باعث کولکتہ کا ایڈن گارڈن اوررانچی کا جھارکھنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن انٹرنیشنل سٹیڈیم میگا ایونٹ کی میزبانی کیلئے سٹینڈبائی ہیں۔ میگا ایونٹ 16مارچ سے 6 اپریل کے دوران کھیلا جائے گا جبکہ 21مارچ کو پاکستان اوربھارت کی ٹیمیں مد مقابل آئیں گی۔بنگلہ دیش میں ورلڈ ٹی ٹونٹی،ایشیا کپ کرکٹ اور اس سطح کے دیگر مقابلوں کا انعقاد مشکل ہوتا نظر آرہا ہے۔ اپوزیشن کی جاری تحریک کی وجہ سے اب ملک کو غیر محفوظ سمجھا جارہا ہے۔ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈکو اب سری لنکاکرکٹ، ایشین کرکٹ کونسل اورآئی سی سی کے سکیورٹی کے حوالے سے خدشات دور کرنے کے لئے یقین دہانی کروانی پڑے گی۔سری لنکن ٹیم کادورہ بنگلہ دیش 27جنوری کوشروع ہوگا۔ اس کے بعد بنگلہ دیش کو فروری میں ایشیا کپ اور مارچ میں ورلڈ ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ کی میزبانی کرنی ہے، تیزی سے بگڑتی صورتحال میں بھی عام انتخابات5 جنوری کو شیڈول ہیں، ان سے قبل عوامی لیگ اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی میں گھمسان کا رن پڑے گا۔ ممکن ہے کہ آئندہ کرکٹ ایونٹس سے قبل حکومت تبدیل ہوچکی ہو، ان حالات میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے لئے شریک ممالک کے سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات دور کرنا کوئی آسان کام نہیں رہا۔

ای پیپر-دی نیشن