• news

ہر شہری کو قائداعظمؒ کے سنہری اصولوں کی پیروی کرنا ہوگی: فنکار برادری

لاہور(آئی این پی)پاکستان کے فلمی ستاروں اور شوبز سے وابستہ افراد نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 137 یوم ولادت پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو باوقار اور قابل احترام بنانے کے لئے ہر شہری کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے سنہری اصولوں کی پیروی کرنا ہوگی۔ اداکار قوی خان نے کہا کہ اس وقت ملک کی ترقی اور خوشحالی قائداعظمؒ کے بتائے گئے اصولوں اتحاد ، ایمان اور تنظیم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اداکارہ جویریہ عباسی نے کہا کہ قائداعظمؒ 20 ویں صدی کے عظیم رہنما تھے۔کاشف محمود نے کہا کہ انہوں نے ہندوستان کے مسلمانوں کے لئے ایک آزاد وطن کے حصول کی خاطر غیر متزلزل جدوجہد کی۔ماڈل واداکارہ شازیہ شاہ نے کہا کہ قائداعظمؒ پاکستان کو ناقابل تسخیر جمہوری و فلاحی ریاست بنانا چاہتے تھے۔گلوکار جواد احمد نے کہا کہ قائداعظمؒ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرتے ہوئے ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے دن رات محنت کرنا ہو گی۔اداکار مصطفی قریشی نے کہا کہ بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے رہنماء اصولوں تنظیم، اتحاد اور یقین محکم پر عمل ہے اور یہی وہ اصول ہیں جن کے ذریعے ہم ملک کو مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ بنا سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن