آخری میچ بھی جیتیں گے: مصباح ‘ کارکردگی جاری رکھوں گا:محمد حفیظ
ابوظہبی (سپورٹس ڈیسک) سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں شکست دینے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں نے سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹاپ آرڈر بیٹنگ لائن میں خاص طور پر احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ صہیب مقصود نے بھی اچھی بلے بازی کی ہے، وہ میچور کرکٹ کھیل رہا ہے۔ باؤلرز نے بھی اعلیٰ کارکردگی دکھائی ہے جس کی بدولت سیریز میں تین ایک کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ آخری میچ میں بھی کامیابی حاصل کرنے کیلئے میدان میں اتریں گے۔ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔ نائب کپتان ’’پروفیسر‘‘ محمد حفیظ نے کہا کہ کارکردگی پر اللہ کا شکرگزار ہوں۔ ان لوگوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے سپورٹ کیا۔ ٹیم مینجمنٹ، فیملی اور ساتھی کھلاڑیوں خاص طور پر کپتان کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میری حوصلہ افزائی کی ہے اور مجھ پر اعتماد کیا ہے۔ کوشش ہو گی کہ کارکردگی کے اس تسلسل کو جاری رکھوں اور پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کروں۔