• news

ملتان: بے نظیر کی برسی پر پیپلز پارٹی کوئی قافلہ نہ بھجوا سکی

ملتان (نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیراعظم و پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو شہید کی 27 دسمبر کو ہونیوالی برسی کی تقریب میں شرکت کیلئے پیپلز پارٹی ملتان کی جانب سے امسال کوئی قافلہ گڑھی خدا بخش کیلئے روانہ نہیں ہوا۔ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب ضلعی و شہری تنظیموں کی جانب سے بے نظیر بھٹو شہید کی برسی میں شرکت کیلئے متعدد تصویری اجلاس تو منعقد کئے گئے مگر جیالوں کے قافلوں کی روانگی کیلئے امسال کسی قسم کا انتظام نہیں کیا۔ پیپلز پارٹی ملتان شہر کے سیکرٹری اطلاعات طارق رضا خاں کے مطابق امسال پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر پارٹی نے بینظیر بھٹو شہید کی برسی تقریب میں شرکت کیلئے پارٹی سطح پر قافلے نہ بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا اور پالیسی بیان دیا گیا تھا  کہ امسال جو کارکن برسی تقریب میں شرکت کرنے کیلئے جانا چاہیں گے صرف  وہی جائینگے کیونکہ دیگر رہنما اور کارکن بلدیاتی انتخابات کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی ملتان شہر کے صدر خورشید احمد خان بذریعہ سڑک گڑھی خدا بخش کیلئے روانہ ہوئے جبکہ چند کارکن بشیر قلندری‘ ملک نذر حسین‘ ناصر عباس‘ محمد یوسف‘ اﷲ وسایا‘ دانش شاہ‘ ککو بھٹہ اور علی رضا بذریعہ ٹرین روانہ ہوئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن