• news

ڈرون حملوں کیخلاف تحریک انصاف کا 33ویںروز بھی دھرنا جاری رہا

پشاور (این این آئی) تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف جاری دھرنے کو33 روز پور ے ہو گئے۔ بدھ کودھرنے کے 33 ویںروز پی کے پانچ پشاور کے کارکنوں نے کیمپ انچارج یونس ظہیر مہمند، اصغر خلیل، میجر فیاض خلیل کی قیادت میں دھرنا دیا جبکہ جماعت اسلامی اور عوامی جمہوری اتحاد کے کارکنان بھی موجود رہے۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنمائوں نے تینوں اتحادی جماعتوں کے کارکنان کو کامیاب دھرنے اور استقامت کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان نے ثابت کر دیا کہ وہ انتہائی ثابت قدم اور اپنے قائد کی آواز پر ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان اصولی موقف پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے۔انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں ڈرون حملوں کیخلاف قرارداد منظور ہونے کے بعد اب اگر ڈرون پاکستانی حدود میں آئے تو اسے گرا دیا جائے ۔ ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر ڈرون حملے اور نیٹو سپلائی روکنے کیلئے سالوں تک بھی دھرنا دینا پڑے تو دینگے۔

ای پیپر-دی نیشن