حکومتی پالیسیوں سے جی ڈی پی کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے: افتخار علی
کراچی (اے پی پی) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) کے سابق صدر اور سارک چیمبر آف کامرس کے نائب صدر افتخار علی ملک نے وزیر خزانہ محمداسحٰق ڈار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر خزانہ نے 5 ماہ کی مختصر ترین مدت میں معیشت کی بحالی کیلئے جو اقدامات کئے ہیں ان کے نتیجہ میں پاکستان معاشی بحران سے نکل رہا ہے۔ یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور اسحاق دار کی ان پالیسیوں سے جی ڈی پی کی شرح بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان منفی 34 ریٹنگ سے نکل کر صرف 2 پر آگیا ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ میاں محمد نوازشریف کی پوری ٹیم درست سمت میں گامزن ہے اور ولولے وجوش کے ساتھ خدمات انجام دے رہی ہے اور وہ عالمی مالیاتی ادارے جو پاکستان کو معاشی امداد دینے سے کتراتے تھے اور گریز کررہے تھے وہ نہ صرف سرمایہ فراہم کررہے ہیں بلکہ اپنے اپنے ملکوں کے سرمایہ کاروں کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے رہے ہیں۔