ٹسڈک کے زیر اہتمام 50 نوجوانوں کو سولر ٹیکنشنز کورس مکمل کرا دیا گیا
لاہور (کامرس رپورٹر) ٹیکنالوجی اپگریڈیشن اینڈ سکل ڈویلپمنٹ کمپنی (ٹسڈک) 50 نوجوانوں پر مشتمل سولر ٹیکنیشنز کے پہلے دو بیچز کو شمسی توانائی کے آلات کی انسٹالیشن اور مرمت کی تربیت مکمل کروا دی۔ کامیاب تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کے اعزاز میں ٹسڈک کے صدر دفتر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں ان نوجوانوں میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے۔ تقریب میں شمسی توانائی کے آلات فروخت کرنے والی کمپنیوں اور صنعتی شعبے کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا، تاکہ ان نوجوانوں کو مقامی صنعتوں روزگار دلوانے میں مدد مل سکے۔ سلور ٹیکنیشنز کے مذکورہ تربیتی کورس کے لئے ٹسڈک کو یورپی یونین، نیدرلینڈ کے سفارتخانے اور جرمنی کے ترقیاتی ادارے جی آئی زیڈ پاکستان کی مالی معاونت حاصل ہے۔ جی آئی زیڈ پاکستان کے فنڈز فار انوویٹیو ٹریننگز منصوبے کے تحت ملک بھر سے 125 نوجوانوں کو مارچ 2014ء تک فوٹوولٹائکس اور سولر واٹر ہیٹنگ سے متعلق عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔ سولر ٹیکنیشنز کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے ٹسڈک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر باسط مقصود عباسی نے کہا کہ ملک میں جاری توانائی بحران سے چھٹکارے اور توانائی کے متبادل ذرائع پر انحصار بڑھانے کے لئے ٹسڈک نے ہنرمندی افرادی قوت کی قلت کو پورا کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے، جس کے لئے ٹسڈک کے صدر دفتر میں 30 لاکھ روپے کی لاگت سے جدید آلات سے لیس لیب تیار کی گئی ہے ۔