بڑی تعداد میں جعلی سیلزٹیکس رجسٹرڈ یونٹس کا انکشاف
اسلام آباد (اے پی اے) ملک بھر میں اربوں روپے کے جعلی سیلز ٹیکس ریفنڈ کلیمز کے لیے استعمال ہونے والے بڑی تعداد میں جعلی سیلزٹیکس رجسٹرڈ یونٹس کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ انکشاف ڈائریکٹریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کی طرف سے چیئرمین ایف بی آر کو بھجوائی جانیوالی رپورٹ میں کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک بھر کے ریجنل ٹیکس آفسز (آر ٹی اوز) میں بڑے پیمانے پر ایسے یونٹس کی سیلزٹیکس میں رجسٹریشن ہو رہی ہے جن کا حقیقت میں کوئی وجود نہیں، یہ صرف کاغذی یونٹس ہیں جو سیلز ٹیکس ریفنڈ کلیمز کیلیے بوگس و جعلی انوائسز جاری کررہے ہیں، ڈائریکٹریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو نے متعدد بوگس اور جعلی سیلز ٹیکس رجسٹرڈ یونٹس کا سراغ لگایا ہے۔