’’اوباما رہائی کیلئے القاعدہ سے مذاکرات کریں‘‘ لاہور سے اغواء امریکی کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی
لاہور/کابل / واشنگٹن (آئی این پی) لاہور سے دو سال قبل اغوا ہونے والے امریکی ادارے کے ڈائریکٹر وارن وائن سٹائن کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ انہوں نے صدر اوباما سے مطالبہ کیا ہے کہ القاعدہ سے ان کی رہائی کیلئے مذاکرات کریں۔جمعرات کو افغانستان میں صحافیوں کو ای میل میں بھیجی گئی ویڈیو کو واشنگٹن پوسٹ نے بھی اپنی ویب سائٹ پر جاری کیا ۔ 72 سالہ وارن وائن سٹائن نے اغواکاروں کی شرائط تو نہیں بتائیں تاہم کہا کہ القاعدہ کے قیدیوں کی رہائی کے لئے اقدام اس کی آزادی کے لیے پہلا قدم ہوسکتا ہے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میری ہارف نے کہا ہے وارن سٹائن کے پیغام کی تصدیق کی جارہی ہے، اس سے پہلے الظواہری نے رہائی کیلئے پاکستان افغانستان اور یمن میں فضائی حملے روکنے کی شرط رکھی تھی تاہم اوباما انتظامیہ نے مذاکرات سے انکار کردیا تھا۔