بلاول کا ضمنی انتخاب لڑنے پر غور فاطمہ بھٹو کو مقابلے پر لانے کی تیاریاں ایاز سومرو نے استعفٰی نہیں دیا: فریال تالپور
لاڑکانہ ( نوائے وقت رپورٹ +این این آئی) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 204 سے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے پر غور کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نوڈیرو میں پیپلزپارٹی کے قائدین کے اجلاس میں کہا گیا کہ حلقہ این اے 204 سے پیپلزپارٹی کے رہنما ایاز سومرو اپنا استعفیٰ پارٹی کے حوالے کر دیں جبکہ استعفیٰ کے بعد ایاز سومرو کو وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا مشیر برائے قانون بنایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کا ضمنی انتخاب میں حصہ لینے سے متعلق باضابطہ اعلان (آج) جمعہ کو بے نظیر بھٹو کی چھٹی برسی کے موقع پر جلسہ عام کے دوران کیا جائے گا۔ واضح رہے حلقہ این اے 204 تاریخی اہمیت کا حامل ہے، ماضی میں اسی حلقے سے ذوالفقار علی بھٹو، بیگم نصرت بھٹو اور بے نظیر بھٹو بھی حصہ لے کر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوتی رہی ہیں۔ ایاز سومرو نے کہا کہ قومی اسمبلی کی نشست تو کیا بھٹو خاندان پر اپنی جان بھی قربان کر دوں گا۔ میری ذاتی خواہش ہے کہ بھٹو خاندان اپنی آبائی نشست سنبھالے۔دوسری جانب بلاول بھٹو کے مقابلے میں مرتضٰی بھٹو کی بیٹی فاطمہ بھٹو کو ضمنی الیکشن لڑانے کی تیاریاں شروع ہو گئیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق فاطمہ بھٹو پہلی بار الیکشن میں حصہ لیں گی۔ پی پی شہید بھٹو ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اگر بلاول بھٹو نے این اے 204 کے ضمنی الیکشن میں حصہ لیا تو فاطمہ بھٹو کو ان کے مقابلے میں الیکشن لڑوایا جائے گا۔ ادھر پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے کہا ہے کہ این اے 204 سے ایاز سومرو نے استعفٰی دیا نہ ہی ان سے طلب کیا گیا۔ ایاز سومرو کے استعفے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔