بینظیر کی چھٹی برسی آج منائی جائے گی زرداری، بلاول، بختاور کی قبر پر حاضری
اسلام آباد + نوڈیرو + لاڑکانہ + کراچی + لاہور (ایجنسیاں + خبر نگار) سابق وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کی چھٹی برسی آج جمعہ کو ملک بھر میں منائی جائے گی، بینظیر بھٹو کو چھ سال پہلے لیاقت باغ راولپنڈی میں خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہو گی جس کے انتظامات مکمل کر لئے گئے، گڑھی خدابخش میں شہیدوں کے مزار کے احاطے میں ایک لاکھ سے زائد افراد کیلئے جلسہ گاہ بنائی گئی ہے، جلسہ گاہ میں شہید بے نظیر بھٹو، بلاول بھٹو زرداری، ذوالفقار علی بھٹو، آصف زرداری، فریال تالپور کی تصاویر اور پارٹی کے پرچم لگائے گئے ہیں، سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پی کے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے برسی میں شرکت کے لئے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے سینکڑوں قافلے جمعرات کو گڑھی خدابخش پہنچ گئے۔ گڑھی خدا بخش بھٹو اور بھٹو ہائوس نوڈیرو کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی لاہور بینظیر بھٹو کے یوم شہادت پر آج شام شملہ پہاڑی سے اسمبلی ہال تک مشعل بردار جلوس نکالے گی۔ جلوس میں 34 ریڑھیوں پر بینظیر بھٹو کی تصاویر اور مشعلیں آویزاں کی جائیں گی۔ شام 4 بجے شملہ پہاڑی پر دعائیہ تقریب ہو گی۔ بیظنیر کے یوم شہادت پر پیغام میں سابق صدر زرداری نے کہا ہے کہ کارکن بے نظیر بھٹو شہید کی اقدار پر عمل پیرا ہونے کا عزم کریں، پیپلز پارٹی جمہوریت کے استحکام، غربت اور جہالت کے خاتمہ اور انتہا پسندی اور عسکریت پسندی کو مکمل شکست دینے کی راہ پر گامزن رہے گی۔ بینظیر بھٹو اور ان تمام ساتھیوں کو جنہوں نے ان کے ساتھ جامِ شہادت نوش کیا، خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ شہید محترمہ غریبوں اور مسکینوں اور معاشرے کے کچلے ہوئے لوگوں کو غربت اور جہالت سے آزادی دلانے، خواتین کے حقوق اور عسکریت پسند اور انتہا پسند ذہنیت کے خلاف جدوجہد کر رہی تھیں۔ سابق صدر زرداری ، بلاول بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری نے نوڈیرو میں محترمہ بے نظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔