• news

مشرف کو باہر نہیں جانے دینگے‘ ان کی والدہ کو لانے کیلئے طیارہ بجھوا سکتے ہیں: پرویز رشید

اسلام آباد (ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت انسانی ہمدردی کے تحت پرویزمشرف کی والدہ کو وطن لانے کے لئے خصوصی طیارہ یا ایمبولینس جہاز دینے کو تیار ہے۔ ایک بیان میں پرویز رشید نے کہا ہے کہ انسانی ہمدردی کے تقاضے کے تحت سابق صدر کی والدہ کو پاکستان لانے کے لئے ائر ایمبولینس بھیجنے کے انتظامات مکمل ہیں۔ خصوصی طیارہ یا ایئرایمبولینس کی پیشکش کا مقصد یہ ہے کہ پرویز مشرف کی والدہ کا علاج پاکستان میں ہو سکے اور وہ اپنے بیٹے کے ساتھ رہ سکیں۔ حکومت پاکستان ان کے علاج معالجے کے لئے تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔ مشرف سے پہلے کبھی کوئی ڈیل ہوئی ہے اور نہ ہی اب کریں گے۔ سابق صدر کا مقدمہ عدالت میں ہے اور ان کے مستقبل کا فیصلہ آزاد عدلیہ ہی کرے گی تاہم جب تک ان کا کیس عدالت میں ہے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ مشرف کو محفوظ راستہ دینے کی پیشکش نہیں کی۔ پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے میں تمام شواہد موجود ہیں، وفاقی حکومت شواہد عدالت ہی میں پیش کرے گی۔ واضح رہے کہ سابق صدر کی طرف سے عدالتوں میں ضمانت میں دی گئی تمام درخواستوں میں یہی استدعا کی گئی تھی کہ انہیں ضمانت دی جائے تاکہ وہ اپنی بیمار والدہ کی عیادت کیلئے دبئی جاسکیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ مشرف کے خلاف تمام مقدمات کا فیصلہ اعلیٰ عدالتوں میں ہوگا۔ انہیں  اپنے خلاف غداری کے مقدمے کا سامنا کرنا ہوگا۔ وزیر اطلاعات نے مشرف سے ڈیل کے بارے میں تمام رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ڈیل کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ بی بی سی اردو ڈاٹ کام کے مطابق پاکستانی حکومت کا کہنا ہے وہ مشرف کو ملک سے جانے کی اجازت نہیں دیں گے لیکن ان کی والدہ کو پاکستان لانے کے لئے انتظامات کرنے کے لئے تیار ہے۔ پرویز رشید نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سابق صدر کو ملک سے باہر نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے مستقبل کا فیصلہ ملک کی آزاد عدلیہ کرے گی۔ مشرف سے پہلے کبھی کوئی ڈیل ہوئی ہے اور نہ ہی اب کریں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن