• news

سری لنکا آخری ون ڈے میں کامیاب ‘سیریز پاکستان کے نام

ابوظہبی (سپورٹس ڈیسک) سری لنکا نے ون ڈے سیریز کا آخری میچ 2 وکٹوں سے جیت لیا۔ پاکستان نے سیریز تین دو سے جیت لی۔ پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 49.3 اوورز میں 232 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ شرجیل خان 18، احمد شہزاد 17، محمد حفیظ 41، صہیب مقصود 7، کپتان مصباح الحق 51، عمر اکمل 20، عبدالرحمن 1، عمرگل 8، سعید اجمل 8 اور جنید خان صفر رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انور علی 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ لاستھ مالنگا نے 4، لکمل نے 3، میتھیوز اور مینڈس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا نے ہدف 49.4 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ کسال پریرا 47، تلکارتنے دلشان 45، کمار سنگاکارا 22، پریانجن ایک، میتھیوز 8، ویتھانگے 14، سنانائیکے 3، لاستھ مالنگا صفر رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ چندی مل 64 اور مینڈس 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنید خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ چندی مل کو میچ جبکہ محمد حفیظ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میچ کے اختتام پر کپتان مصباح الحق نے کہا کہ کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہمارا ٹارگٹ 250 رنز سے زائد تھا مگر اسے حاصل نہیں کر سکے جس کی وجہ سے کامیابی نہیں ملی۔ ون ڈے سیریز جیتنے پر خوشی ہے۔ ٹیسٹ سیریز میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ سری لنکن کپتان میتھیوز نے کہا کہ آخری میچ جیتنے پر خوشی ہے۔ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔ پاکستان کو کم ٹارگٹ پر محدود رکھا جس سے کامیابی ملی۔ کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ ٹیسٹ سیریز میں بھی ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن