• news

میلبورن ٹیسٹ:انگلینڈ255پر آئوٹ‘آسٹریلیا کے 9وکٹوں پر 164رنز

 میلبورن (اے پی پی) انگلش بائولرز کی تباہ کن بائولنگ کے باعث آسٹریلیا کی ٹیم ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے، دوسرے روز 164 کے مجموعی سکور پر اس کے 9 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں، میزبان ٹیم کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 91 رنز کی ضرورت ہے۔ میلبورن ٹیسٹ کا دوسرا روز انگلش بائولرز کے نام رہا، کرس راجرز کے سوا کینگروز ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کھیل نہ پیش کر سکا، راجرز 61 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ بریڈ ہیڈن کی مزاحمتی بیٹنگ جاری ہے اور 43 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ جیمز اینڈرسن اور سٹورٹ براڈ نے 3، 3 جبکہ ٹم بریسنن نے 2 اور بین سٹوکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ دریں اثناء انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 255 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی۔ کیون پیٹرسن 71 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ مچل جانسن نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ریان ہیرس نے 2 جبکہ پیٹر سڈل، نیتھن لیون اور شین واٹسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن