• news

وزیر پٹرولیم کے پی ایس خلاف قواعد دو کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبر مقرر

اسلام آباد (راجہ عابد پرویز/ خبرنگار) وزیر اعظم کی منظوری کے بغیر وزیر پٹرولیم کے پی ایس کو انٹراسٹیٹ گیس پرائیویٹ لمیٹڈ اور گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے بورڈز آف ڈائریکٹرز کا ممبر مقرر کردیا گیا ہے،ذرائع کے مطابق وزیر پٹرولیم کے پی ایس عمر جہانگیر جوکہ ڈپٹی سیکرٹری کے عہدے پر بھی فائز ہیں کو قواعد وضوابط کے برعکس حکومت کے زیر نگرانی چلنے والی دو کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ممبر مقرر کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ کا ڈائریکٹر مقرر ہونے کیلئے نہ صرف وزیر اعظم کی منظوری ضروری ہے بلکہ اس عہدے کیلئے گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے افسران ہی اہل ہیں۔ ان عہدوں پر سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری اور جوائنٹ سیکرٹری کو ہی تعینات کیا جاتا ہے جبکہ ایسے افسران کا ایکسپلوریشن پروڈکشن میں بھی تجربہ ہونا ضروری ہے۔ مذکورہ افسرکا ان شعبوں میں کوئی تجربہ نہیں جبکہ اضافی عہدوں کی وجہ سے وہ اپنے اصل کام کی طرف بھی توجہ دینے سے قاصر ہیں۔ موقف لینے کیلئے سیکرٹری پٹرولیم عابدسعید سے بات کرنے کیلئے انہیں فون کیا گیا مگر انہوںنے فون اٹینڈ نہیں کیا جبکہ میسج کا بھی جواب نہیں دیا۔

ای پیپر-دی نیشن