• news

صوبائی محتسب کی عدالت میں رواں برس 1427مقدمات دائر کئے گئے

لاہور (شہزادہ خالد) مہنگائی، کرپشن، ناانصافی کے باعث دیوانی مقدمات میں خطرناک حد تک اضافے کے ساتھ ساتھ صوبائی محتسب میں بھی مقدمات کی بھر مار ہو گئی۔ رواں برس 1427 مقدمات صوبائی محتسب کی عدالت میں دائر کئے گئے جبکہ 1622 مقدمات کا فیصلہ ہوا۔ صوبائی محتسب میں کل زیرسماعت مقدمات کی تعداد 9528 ہے۔ سرکاری محکموں میں کرپشن، ناانصافی کے باعث رواں برس سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد نے انصاف کیلئے صوبائی محتسب کا سہارا لیا۔ یہ تعداد گذشتہ برس کی نسبت دوگنا ہے۔ حکومتی اداروں میں کام کرنیوالی خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کیخلاف تحفظ فراہم کرنے کیلئے اپریل 2013 ء میںقائم کی گئی خاتون محتسب کی عدالت میں اب تک 17 خواتین نے مقدمات داخل کرائے جن میں 5 کا فیصلہ کر دیا گیا اور 12 زیر سماعت ہیں۔ آئین میں 18 ویں ترمیم کے تحت خاتون محتسب کا ادارہ قائم کیا گیا لیکن یہ ادارہ صرف صوبائی سطح پر کام کر رہا ہے۔ عوامی حلقوں نے اس ادارے کو ضلعی سطح پر قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن