• news

نوازشریف قوم کو بتائیں صرف 7ماہ میں اثاثے ڈبل کیسے ہوگئے: منور حسن

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف قوم کو بتائیں کہ حکومت میں آنے کے صرف سات ماہ کے اندر ان کے اثاثے دوگنا کیسے ہوگئے۔ جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ انتخابات کے وقت الیکشن کمشن میں جمع کروائے گئے گوشواروں میں اثاثوں کی جو تفصیل دی گئی موجودہ اثاثے اس سے دوگنا ثابت ہوچکے  ہیں جو اس بات کی دلیل ہے کہ وزیراعظم نے انتخابات کے موقع پر الیکشن کمشن کو اپنے اثاثوں کی درست تفصیلات نہیں دیں یا پھر حکومت میں آکر انہوں نے کوئی ایسا منافع بخش کاروبار شروع کیا ہے جس سے دیکھتے ہی دیکھتے ان کے اثاثوں میں دوگنا اضافہ ہوگیا ہے۔ قوم بھوک کے ہاتھوں تنگ آکر خود کشیوں پر مجبور ہے جبکہ حکمرانوں کی دولت میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ جس کاروبار سے وزیراعظم کی دولت میں دن دگنا رات چوگنا اضافہ ہورہا ہے وہ غریبوں کو بھی بتادیں تاکہ ہم سب مل کر ملک وقوم کی ترقی میں حصہ لے سکیں اورملک سے غربت کا خاتمہ کیا جاسکے۔ نام نہاد عوامی نمائندوں کے اثاثوں سے یہ بات بھی واضح ہوگئی ہے کہ الیکشن لڑنا صرف جاگیر داروں ،سرمایہ داروں کا کام ہے۔ پاکستان بھارت ڈی جی ایم اوز کی ملاقات سے یہ تاثر ابھرا ہے کہ سیز فائر لائن کو مستقل سرحد میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ حکمران کشمیر کے سرنڈر کی طرف بڑھ رہے ہیں،  اگر ہم جنگ کے متحمل نہیں تو بھارت کی غلامی بھی قبول نہیں کرنی چاہئے۔ بھارت کو باہر سے کسی دہشت گردی کی ضرورت نہیں، وہ دہشت گردی میں خودکفیل ہے، بھارت کے اندر علیحدگی کی درجنوں تحریکیں چل رہی ہیں، پوری دنیا کی نظر میں کشمیر متنازعہ علاقہ ہے، سیز فائر لائن پر دیوار برہمن بنانے کی کسی بھارتی کوشش کو کامیاب نہ ہونے دیا جائے۔ امریکی دبائو پر شمالی وزیرستان میں آرمی آپریشن طالبان سے مذاکرات کے امکان کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے ۔ شمالی وزیرستان ایک آتش فشاں ہے جس کے چاروں طرف آگ ہی آگ ہے، جو اس آگ میں کودنے کی کوشش کرے گا وہ زندہ و سلامت باہر نہیں نکل سکے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن