• news

بلاول کا عیسائی کو وزیراعظم بنانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا: عبدالغفور حیدری

لاہور+ سکھر (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کا ملک میں عیسائی وزیراعظم بنانے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا، منظور وسان کے بعد اب بلاول بھٹو بھی خواب دیکھ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر ائر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اگر عیسائی وزیر اعظم بنانے کے حوالے سے کوئی ترمیم پارلیمنٹ میں لانے کی کوشش کی گئی تو اسے کوئی قبول نہیں کریگا۔ ہم ملک کے سیکولر سٹیٹ نہیں بننے دیں گے، پاکستان میں اقلیتی ہیں اور ان حقوق بھی محفوظ ہیں۔ اعتراز حسن جیسے سینئر وکیل کو اسطرح آئین کی وضاحت نہیں کرنا چاہئے۔ مزید برآںجماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبدالغفار روپڑی نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے عیسائی کو وزیراعظم پاکستان بنانے کے بیان کے ردعمل میں کہا ہے کہ یہ سیاسی ٹولہ ہمیشہ یہود و نصاریٰ کا مرہون منت رہا ہے، اقتدار کی بھیک کیلئے ایسے بیانات دینا اسلام دشمنی ہے۔ ایسے بیانات  یہودونصاریٰ کو خوش کرنے کیلئے دینا دو قومی نظریئے کی نفی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر بنا ، اس میں اقلیتوں کو تحفظ دینا حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے اور اس میں صدر یا وزیراعظم اقلیتوں میں سے نہیں ہوسکتا۔

ای پیپر-دی نیشن