شمالی وزیرستان میں آپریشن سے دہشت گردی ختم نہیں ہوگی: حمید گل
لاہور(آئی این پی )سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) حمید گل نے کہا ہے شمالی وزیرستان میں آپریشن سے دہشت گردی ختم نہیں ہوگی بلکہ اسکا شدید ردعمل سامنے آئیگا‘ لوگ وہاں سے نکل کر لاہور اسلام آباد جیسے شہروں میں منتقل ہوجائیں گے‘ فوج نے جو بھی کرنا ہے وہ پلاننگ سے کرے‘ فرقہ واریت ملک کا سنگین مسئلہ ہے‘ ہمیں 2014 ء میں بہت سوچ سمجھ کر فیصلے کرنا ہوں گے کیونکہ امریکہ خطے سے جا رہا ہے‘ حقانی گروپ پاکستان سے محبت کرنے والاگروہ ہے وہ صرف یہ چاہتے ہیں ہم اپنے ملک کو آزاد کرائیں۔ اپنے ایک انٹر ویو میں انکا کہنا تھا قائداعظم کی ایک کال پر قبائل نے انکا ساتھ دیا تھا اور جب تک خطے میں امریکہ اورروس نہیںآئے تھے ہمیں وہاں فوج رکھنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی تھی، وہ چاہتے ہیں مشرقی بارڈر کوسوفٹ کردیں،کشمیر اور پانیوں کوفراموش کرکے آلو ٹماٹر پیاز کی تجارت بڑھا لی جائے، امریکہ نے لاہور میں بہت زیادہ جگہ مانگی ہوئی ہے جہاں پر اس کا مقصد میرینز میزائل یا کچھ بھی رکھنے کا ہوسکتا ہے۔ دہشت گردی کیخلاف آپریشن کے ری ایکشن میںہماری پولیس کچھ نہیں کرسکتی جس وقت راجا بازار میںجلوس نکلا تو 5 ہزار پولیس اہلکارموجود تھے مگر وہ بھاگ گئے۔