• news

ایچ ای سی کے گریڈ 19 افسران کو خلاف ضابطہ گریڈ 20کا ایڈیشنل چارج تفویض

اسلام آباد (نامہ نگار)  ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اعلیٰ افسران نے مبینہ طور پر کابینہ ڈویژن کی ہدایات کو نظر انداز کر دیا، ایچ ای سی کے گریڈ19کے دو افسران کو گریڈ20کا قائم مقام چارج دیدیا گیا، حکومت کی مونوٹائزیشن پالیسی کو نظرانداز کرتے ہوئے دونوں افسران گاڑیوں کی مد میں 65ہزار روپے وصول کر رہے ہیں، ذرائع کے مطابق کابینہ ڈویژن کی واضح ہدایات ہیں کہ قائمقام چارج کے حامل افسران پر اس پالیسی کا اطلاق نہیں ہو سکتا اور قائمقام چارج کے حامل گریڈ19کے افسران گریڈ20کی سہولیات نہیں لے سکتے، ذرائع کے مطابق دو ڈائریکٹرز فرمان اللہ انجم اور رضا چوہان2012 سے اس عہدے پر کام کر رہے ہیں،23دسمبر کو پروموشن بورڈ کے اجلاس کی تاریخ مقرر کی گئی تاکہ مذکورہ افسران کو اگلے گریڈ میں ترقی دیدی جائے لیکن ایچ ای سی کے بعض دائریکٹر کی طرف سے اعتراضات کے بعد بورڈ کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا، اس حوالے سے ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق کسی بھی افسر کو ایڈیشنل چارج دیا جا سکتا ہے، ایسے افسران جو اہلیت رکھتے ہیں اور کوالیفائی کر جاتے ہیں تو بورڈ اجلاس کے انعقاد تک انہیں اگلا گریڈ دیدیا جاتا ہے لیکن انہیں سنیارٹی نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی میں میرٹ کی بنیاد پر کام کیا جارہا ہے اور قانون کی خلاف ورزی  کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

ای پیپر-دی نیشن