عالمی سطح پر ’’متحدہ مسلم بلاک‘‘ تشکیل دیا جائے: علامہ ریاض شاہ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکمران خلافتِ راشدہ کے پاکیزہ نظام سے راہنمائی حاصل کریں۔ قرآن و سنّت کی حاکمیت ہی اعلیٰ و افضل ہے۔ اسلام کا عادلانہ نظام ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ قرآنی راستوں پر چلنے والے ناکام نہیں ہوتے۔ منکرینِ حق سے دوستی ذلت کا راستہ ہے۔ مسلمان قرآن کو مقصود و منشور بنا لیں۔ قرآن مجید ہی حقیقی نصابِ ایمان ہے۔ مسلم ممالک عالمی سطح پر ’’متحدہ مسلم بلاک‘‘ تشکیل دیں اور اسلامی اقوام متحدہ کا اعلان کریں۔ مسلمان دنیا بھر میں ناانصافیوں کا شکار ہیں۔ قرآنی ہدایات کے مطابق اسلامی معاشرے کو منظم کرنے کی ضرورت ہے۔ غلامیٔ رسول اختیار کرنے والوں کو ہر غلامی سے نجات مل جاتی ہے۔