• news

عوامی تحریک مہنگائی کیخلاف آج مال روڈ پر ریلی نکالے گی، طاہر القادری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے

لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں، مہنگائی اور بے روزگاری کیخلاف  آج  لاہور میں احتجاجی ریلی کو حکو مت نے روکنے کی کوشش کی تو اسکے پاس اقتدار میں رہنے کی مہلت مزید کم رہ جائیگی، ملک پر ایک خاندان کا قبضہ ہے،  ملک میں اس وقت جمہوریت نہیں بدترین آمریت ہے جبکہ الیکشن کمشن بھی دھاندلی کی پیداوار ہے‘ ملک کے 18 کروڑ عوام مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں‘ پنجاب میں ڈکیتیاں اور قتل کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے، عوام کو ان مسائل کا خود احساس کرنا ہوگا‘آج کا احتجاج ملک کو بتدریج پرامن انقلاب کی جانب لے جائے گا‘ عوام سے اپیل ہے وہ اس پرامن احتجاج میں بھر پور شرکت کریں۔ لاہور میں کارکنوں سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا کہ موجودہ پاکستان اب قائداعظم کا پاکستان نہیں رہا، ملک میں اس وقت ہر طرف افراتفری ہے، ہر جگہ مافیا چھائے ہوئے ہیں۔ عوامی تحریک ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالے گی۔ریلی کی قیادت ڈاکٹر طاہر القادری کے صاحبزادے حسین محی الدین کریں گے جبکہ عوامی تحریک کے سربراہ ریلی کے اختتام پر ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔ ریلی کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ پرامن عوامی احتجاج کو روکا تو حکمران اپنے پائوں پر کلہاڑی ماریں گے، اقتدار عوام کو منتقل کریں گے خواہ جام شہادت نوش کرنا پڑے۔ اصل آمدن چھپانے اور ٹیکس ادا نہ کرنے پر ارکان پارلیمنٹ کو برطرف کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کا واویلا کرنے والے بتائیں کہ پاکستان میں جمہوریت ہے کہاں؟ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکمرانوں نے ایک ارب روپے کے نوٹ چھاپ کر مہنگائی کو آسمان تک پہنچا دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن