• news

خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت ہے، قیادت کو ہی مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں: نواز شریف

کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، حکومت کی ٹھوس پالیسیوں کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ آج پاکستان پہلے سے بھی زیادہ جمہوری، سیاسی اور دفاعی لحاظ سے مضبوط اور مستحکم ہو چکا ہے، حقیقی لیڈر آگے آکر خود مثال بنتا ہے، قیادت کو ہی مشکل فیصلے کرنا ہوتے ہیں، ملک کے مفادات کو ہمیشہ مدنظر رکھیں اور ذاتی مفادات کو ہرگز رکاوٹ نہ بننے دیں، پاک بحریہ نے ماضی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کریگی، پاکستان کا سمندری دفاع ناقابل تسخیر اور بحری سرحدوں کی حفاظت میں نیوی کا اہم کردار ہے، فریگیٹس اورین پی تھری سی طیاروں سے نیوی کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ نیوی نے نہ صرف جنگی حالات میں بلکہ قدرتی آفات میں بھی قوم کی بھرپور مدد کی ہے، پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ ہے، تینوں مسلح افواج کوتمام وسائل ان کی ضروریات کے مطابق مہیا کئے جائیں گے۔ پی این ایس مہران میں پاکستان نیوی کی100 مڈشپ میں کیڈٹ پاسنگ آئوٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے نیول اکیڈمی کو بہترین تربیت گاہ بنانے پر حکام کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاس ہونیوالے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ امید ہے پاس ہونیوالے کیڈٹس اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے۔ پاک بحریہ نے ملک اور قوم کو بھرپور حکومت کی پوری قوم کو پاکستان نیوی پر فخر ہے۔ قوم پاکستان کے پیچھے کھڑی ہے۔ نیوی نہ صرف بحری بلکہ فضائی اور زمین سرحدوں کے دفاع میں بھی معاونت کرتی ہے۔ پاکستان نیوی مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کریگی۔ پاکستان کی سمندری حدود کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ سمندری حدود کی ذمہ داری پاک بحریہ کی ہے۔ ملکی دفاع میں پاک بحریہ کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے ٹھوس پالیسیوں کے سبب مثبت نتائج نظر آرہے ہیں اور ماضی شاندار رہے۔ بحریہ نے1971ء میں میرینز آپریشن میں بہترین کارکردگی دکھائی۔ پاکستان نیوی کے پاس ملکی دفاعی کیلئے جدید ٹیکنالوجی ہے بلکہ جدید ہتھیاروںسے بھی لیس ہے۔ نیوی نے اپنی کارکردگی سے دنیا میں اپنا لوہا منوایا ہے۔ نیوی نے نہ صرف جنگی حالات میں بلکہ قدرتی آفات میں قوم کی بھرپور مدد کی۔ سعودی عرب، کویت، قطر سمیت دیگر کئی ممالک کے کیڈٹس پاکستان نیوی اکیڈمی سے فارغ التحصیل ہو کر اپنے ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔ نیول اکیڈمی سے پاس کیڈٹس برادر ملکوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ قوم آپ کے ساتھ ہے اور بحریہ کو جدید ٹیکنالوجی اور اسلحہ سے لیس کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ فضائیہ کی ایک شاندار تاریخ ہے جس سے قدرتی آفات، سیلاب، زلزلہ اور دیگر مواقع پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔ آج پاک بحریہ زیادہ بہتر پیشہ ورقوت بن چکی ہے اور یقین کا اظہار کیا کہ بحریہ سرحدوں کی حفاظت کیلئے اپنی صلاحیت کو بڑھاتی رہے گی۔ اس سے قبل وزیراعظم نیوی اکیڈمی پہنچے  تو پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعظم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات  پرویز رشید، نیول چیف ایڈمرل آصف سندھیلہ سمیت دیگر ملکی و غیر ملکی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ نیول اکیڈمی سے 101 کیڈٹس پاس ہوئے جن میں9 غیرملکی بھی شامل تھے۔ پاس ہونے والے کیڈٹس میں تعلق فلسطین اور نائیجیریا سے تعلق رکھنے والے کیڈٹس بھی شامل تھے۔ وزیراعظم نے انہیں بھی دلی مبارکباد دی اور کہا کہ بیرون ملک سے کیڈٹوں کا تربیت کیلئے یہاں آنا پاک بحریہ کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔دریں اثناء وزیراعظم محمد نوازشریف کراچی سے لاہور پہنچ گئے۔

ای پیپر-دی نیشن