ٹھٹھہ:2 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 افراد قتل : کراچی: مذہبی رہنما پر فائرنگ ‘2 محافظ ہلاک‘ دیگر واقعات میں اے ایس آئی سمیت 5 مارے گئے
کراچی/ ٹھٹھہ (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) کراچی اور اسکے نواح میں ہفتہ کے روز خونریزی کے واقعات بڑھ گئے۔ کراچی کے 5افراد کو ٹھٹھہ میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا جبکہ شہر میں تشدد کے واقعات میں دو پولیس اہلکاروں سمیت 6افراد جاں بحق جبکہ مجلس وحدت المسلمین کے رہنما کے قافلے پر حملہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے 5افراد سیر و تفریح کیلئے گذشتہ شام کینچھر جھیل پہنچے۔ مقامی کشتی بان نے پولیس کو بتایا کہ ان افراد کو کنارے سے لیکر نوری جام تماچی کے مزار پر چھوڑ آیا۔ ان لوگوں نے اسے 2گھنٹے بعد واپس لیجانے کیلئے کہا جب کشتی بان وہاں پہنچا تو پانچوں افراد کی خون میں لت پت نعشیں مزار کے احاطے میں پڑی تھیں۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر نعشیں تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کر دیں۔ ان میں ایک معمر شخص اور 4نوجوان تھے جن کی شناخت عبدالسمیع، عدنان علی، محمد علی، جہانگیر اختر اور بلاول کے نام سے ہوئی۔ ان میں 3کا تعلق کراچی، ایک کا راولپنڈی، ایک کا گلگت سے تھا۔ محمد علی اور جہانگیر کا سکیورٹی فورسزکے اہلکار بتائے جا رہے ہیں، نعشوں کے پاس سے پستول برآمد کر لیا گیا۔ پانچوں کراچی میں رہتے تھے، ڈی آئی جی حیدر آباد اکرم نعیم بھروکہ نے بتایا کہ یہ واقعہ پراسرار لگتا ہے جس کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ ان افراد کو سروں میں گولیاں ماری گئیں، پولیس نے کشتی بان کو حراست میں لے لیا۔ دریں اثناء کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں نامعلوم افراد نے مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ مرزا یوسف کے قافلے پر فائرنگ کر دی جس سے علامہ یوسف کا محافظ اور انکے ساتھ ڈیوٹی دینے والا پولیس گارڈ جاں بحق ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ علامہ مرزا یوسف علامہ قمبر عباس سے ملنے کیلئے ان کے گھر میں داخل ہی ہوئے تھے کہ پیچھے سے فائرنگ کر دی گئی تاہم وہ محفوظ رہے۔ حملہ آوروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار بھی شدید زخمی ہوا۔ ادھر اکبر روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اے ایس آئی عبدالجبار جاں بحق اور ایک راہگیر شدید زخمی ہوگیا۔ علاوہ ازیں منگھوپیر میں چلغوزی بابا مزار کے عقب سے 35سالہ نامعلوم شخص کی گلا کٹی نعش برآمد ہوئی جبکہ ریلوے سٹیشن کے عقب والی گلی میں گھر سے 25سالہ فرحان کی پھندے سے لٹکی نعش ملی۔ سپرمارکیٹ کے علاقے میں لیاقت آباد ندی سے 50سالہ شخص کی نعش برآمد کی گئی۔ دریں اثناء لیاری کے علاقے کلری میں انتخابی مہم کیلئے جانے والے صوبائی وزیر جاوید ناگوری کی گاڑی کا مشتعل افراد نے گھیرائو کرکے نعرے بازی کی ان کے پولیس گارڈز نے فائرنگ کر دی جس سے دو افراد زخمی ہوگئے۔