گلگت بلتستان، چترال میں برفباری، لواری ٹنل ٹریفک کیلئے پھر بند
اسلام آباد+ گلگت+ کوئٹہ+ ملتان+ چترال (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ، گلگت بلتستان اور چترال کے مختلف علاقوں میں برفباری سے راستے بند ہوگئے، راستے بند ہونے سے لوگوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ مالاکنڈ ڈویژن کے بیشتر علاقوں میں موسم ابر آلود رہا۔ چترال کے بالائی علاقے لواری ٹاپ میں برف باری کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔گلگت بلتستان میں دیامر اور غذر کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری اورمتعدد سڑکیں بند ہو گئیں۔ گلیات میں حالیہ برفباری کے بعد نتھیاگلی بکوٹ روڈ کئی روز سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہو گئی۔ بلوچستان کے شمالی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں آگئے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ دو سے تین روزکے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہیگا۔ شدید برفباری کے باعث لواری ٹاپ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق لواری ٹنل کے اندر سفر کرنے سے روکدیا گیا جس سے دیر اور چترال کے مسافر محصور ہو گئے ہیں۔ واضح رہے لواری ٹل رواں موسم میں شدید برفباری کے باعث تیسری مرتبہ بند ہوئی ہے۔