آصف زرداری نے اپنی طرح بیٹے کوبھی متنازعہ بنا دیا: کامران مائیکل
لاہور (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ سنیٹر کامران مائیکل نے کہا کہ ایک بچے کی بچگانہ اور عاقبت نااندیشانہ باتوں کا جواب نہیں دیا جا سکتا۔ اس بچے کے بزرگ اسے کچھ سکھانے اور سمجھانے کے بجائے بگاڑنے پر تلے ہوئے ہیں۔ اپوزیشن رہنمائوں کو تنقید اور توہین میں بنیادی فرق ملحوظ خاطر رکھنا ہوگا۔ افسوس اپوزیشن کے بعض رہنما ذاتیات پر اتر آتے ہیں۔ قومی معاملات سلجھانے کیلئے سلجھی ہوئی سیاست کی ضرورت ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے زیادہ کسی سیاستدان یا سیاسی جماعت نے دہشت گردی کے خلاف واضح اور سخت مؤقف اختیار نہیں کیا۔ وزیراعظم نوازشریف کا نام لیکر سیاسی بونے قد آور نہیں بن سکتے۔ پیپلزپارٹی فوری طورپر اپنے چیئرمین کا ’’گرو‘‘ بدلے۔ آصف زرداری نے اپنی طرح اپنے بیٹے کو بھی متنازعہ بنا دیا۔