رنز بنانے کا جنون ختم نہیں ہوا ‘ تنقید سے کارکردگی بہتر ہوئی : مصباح الحق
لندن (بی بی سی اردو ڈاٹ کام) سنہ 2013 میں ایک روزہ میچوں کے کامیاب ترین بلے باز مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کھیل سے ان کا جنون ابھی ختم نہیں ہوا ہے اور یہی جنون انھیں بہتر سے بہتر کارکردگی دکھانے کا حوصلہ دے رہا ہے۔ مصباح الحق نے سنہ 2013 میں کھیلے گئے 34 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 1,373 رنز بنائے ہیں جو اس سال دنیا کے کسی بھی بلے باز کے ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ رنز ہیں۔ مصباح الحق کے رنز میں ایک بھی سنچری شامل نہیں لیکن اس کے باوجود 15 نصف سنچریاں بنا کر انھوں نے کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ ایک روزہ نصف سنچریوں کا نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا ہے جو اس سے پہلے سچن تندولکر اور گیری کرسٹن کی 13 نصف سنچریوں کا تھا۔ مصباح الحق نے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں مستقل مزاجی سے سکور کرنے کی عادت کے بارے میں کہا کہ جب آپ پر تنقید ہوتی ہے تو اگر کھیل سے آپ کا جنون باقی ہے اور آپ سمجھتے ہیں کہ پرفارمنس دے سکتے ہیں تو اس تنقید کو آپ چیلنج کے طور پر قبول کرتے ہیں لیکن اگر جنون اور جوش ختم ہوچکا ہو تو پھر تنقید حوصلے پست کردیتی ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ انھوں نے اپنے اوپر تنقید کو اسی لیے چیلنج سمجھا کیونکہ ان میں ابھی بھی کرکٹ سے جنون باقی ہے اور وہ اپنی محنت اور کارکردگی سے تنقید کو غلط ثابت کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ مصباح الحق کے مطابق اس عمر اور مرحلے پر آپ غیرمعمولی کارکردگی دکھا کر ہی ٹیم میں جگہ برقرار رکھ سکتے ہیں اوسط درجے کی کارکردگی سے بچاؤ ممکن نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کی یہ کارکردگی مزید بہتر ہوسکتی تھی لیکن مشکل صورت حال میں وہ اپنی اس کارکردگی سے بھی خوش ہیں۔ اعدادوشمار کے اعتبار سے یہ بلاشبہ ان کے کیریر کی اب تک کی سب سے بہترین کارکردگی ہے۔