• news

انڈر19 کرکٹ ایشیا کپ: پاکستان ‘ بنگلہ دیش ‘ سری لنکا‘ بھارت کی ٹیمیں کامیاب

دبئی+ ابوظہبی (سپورٹس ڈیسک) متحدہ عرب امارات  میں جاری ایشیاء انڈر 19  کرکٹ کپ میںپاکستان، بنگلہ دیش، بھارت اور سری لنکا نے میچز جیت لئے ۔ پاکستان نے میزبان متحدہ عرب امارات کو 150 رنز سے شکست دیدی۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 274 رنز بنائے۔ حسن رضا جونیئر نے 60، مسعود شکیل نے 74، کامران غلام نے 42، ظفر گوہر نے 32 اور سیف اللہ خان نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ پرکاش نے 4، ساجد خان اور سوزا نے دو دووکٹیں حاصل کیں۔  متحدہ عرب امارات کی ٹیم 38.5 اوورز میں 124 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ چراغ سوری 38، وجے کمار 37، رنز بناکر نمایاں رہے۔ 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ کرامت علی نے 5، ظفر گوہر اور مسعود شکیل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔بنگلہ دیش نے افغانستان کو 16 رنز سے شکست دی ۔بنگلہ دیش کی ٹیم 169 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ ناظم الحسین شنتو 58 رنز بناکر نمایاں رہے۔ 6 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل  نہ ہو سکے ۔سید شیرزاد اور عبداللہ عادل نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ افغانستان کی ٹیم 153 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ کپتان ناصر احمد زئی 53 رنز بناکر نمایاں رہے۔  بھارت نے نیپال کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔ نیپالی ٹیم 136 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ تھپا 47 اور اشرف شیخ 40 رنز بناکر نمایاں رہے۔ 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے۔ یادیو نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت نے ہدف ایک وکٹ پر حاصل کر لیا۔ ہرواڈکر 41 اور زول 61 رنز بناکر نمایاں رہے۔ سری لنکا نے ملائیشیا کو 255 رنز سے ہرا دیا۔ سری لنکا نے 6 وکٹوں پر 287 رنز بنائے۔ سماراوکرما 55، پرپ ہریرا 68 اور سمانا سیری 59 رنز بناکر نمایاں رہے۔ یون دیپ سنگھ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ملائیشیاء کی ٹیم 32 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ صرف ایک کھلاڑی  ڈبل فگر میں داخل ہو سکا۔ بی فرنینڈو نے 4  اور سانچ فرنینڈو نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن