ایشنر سیریز ‘ میلبورن ٹیسٹ : آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی
میلبورن (سپورٹس ڈیسک + آن لائن) میلبورن میں کھیلے جانے والے ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے انگلینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔آسٹریلیا نے اتوار کو میچ کے چوتھے دن 231 رنز کا مطلوبہ ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔آسٹریلیا کی جانب سے کرس راجرز اور ڈیوڈ وارنر نے اتوار کو میچ کے چوتھے دن کا آغاز کیا۔دونوں بلے بازوں نے اپنی ٹیم کے لیے پہلی وکٹ کی شراکت میں 65 رنز بنائے۔اس کے بعد کرس راجرز اور شین واٹسن نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 136 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔آسٹریلیا کی جانب سے کرس راجرز نے 13 چوکوں کی مدد سے 116 جب کہ شین واٹسن نے صرف 90 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 83 رنز بنائے۔ا نگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں بین سٹوکس اور مونٹی پینسر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے پہلے ہفتہ کو میچ کے تیسرے دن انگلینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 179 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور اس نے آسٹریلیا کو جیتنے کے لیے 231 رنز کا ہدف دیا تھا۔انگلینڈ کی جانب سے ایلسٹر کک اور مائیکل کاربیری نے دوسری اننگز کا آغاز کیا۔انگلینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 87 رنز کے مجموعی سکور پر اس کے چار کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ایک موقع پر کیون پیٹرسن اور بیر سٹو نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 42 رنز کا اضافہ کیا۔ انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں ایلسٹر کک نے 51 جب کہ کیون پیٹرسن نے 49 رنز بنائے۔انگلینڈ کے پانچ بلے بازوں کا ہدف دوسرے ہندے میں نہ پہنچ سکا۔آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں نیتھن لیون نے پانچ، مچل جانس نے تین اور پیٹر سڈل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے پہلے آسٹریلیا کی جانب سے بریڈ ہینڈن اور نیتھن لیون نے تیسرے دن کا آغاز کیا۔دونوں بلے بازوں نے آخری وکٹ کی شراکت میں 40 رنز نے آسٹریلیا کو سخت مشکلات سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 204 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی تھی اور یوں انگلینڈ کو آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 51 رنز کی اہم سبقت حاصل ہوئی تھی۔انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 255 رنز بنائے تھے۔پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ایشز سیریز میں آسٹریلیا کو چار صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔آسٹریلیا کے بولر مچل جانسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا انھوں نے اس میچ میں مجموعی طور پر آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔جمعرات کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ میچ سڈنی میں 3 جنوری سے کھیلا جائے گا۔