• news

نیشنل بنک نے 23 سال بعد قومی ہاکی چیمپئن شپ جیت لی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام کھیلی جانے والی 60 ویں این بی پی قومی ہاکی چیمپیئن شپ 23 سال بعد نیشنل بنک نے جیت لی ہے۔ فائنل میچ میں نیشنل بنک نے پی آئی اے کو 3 کے مقابلے 4 گول سے شکست دی۔ مقررہ وقت تک مقابلہ دو دو گول سے برابر رہنے کے بعد فیصلہ پنلٹی شوٹ آوٹ پر ہوا۔ جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشن کے میچ میں واپڈا نے سوئی گیس کی ٹیم کو مات دیکر وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کی۔ تفصیلات کے مطابق جوہر ہاکی سٹیڈیم میں گذشتہ روز نیشنل بنک اور پی آئی اے کی ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ پہلے ہاف میں پی آئی اے کی جانب سے کھیل کے 9 ویں اور 22 ویں منٹ میں محمد زبیر اور شفقت رسول نے بلترتیب گول کر کے اپنی ٹیم کو ہاف ٹائم تک دو صفر سے برتری دالا دی ۔ دوسرے ہاف میں نیشنل بنک کی ٹیم نے شاندا کم بیک کیا 43 ویں منٹ میں محمد دلبر نے گول کر کے خسارہ کم کیا تو 65 ویں منٹ میں بنک کی ٹیم کو ملنے والے پنلٹی کارٹر پر کاشف رسول نے بال کو جال کی راہ دکھا کر مقابلہ دو دو گول برابر کر دیا۔ دونوں ٹیموں نے مزید گول کرنے کی بھرپور کوشش کی تا ہم کوئی ٹیم اس میں کامیاب نہ ہوئی۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ کی جانب سے دونوں ٹیموں کو پانچ پانچ پنلٹی شوٹ دی گئیں جس پر بھی مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہنے کے بعد سڈن ڈیتھ پنلٹی شوٹ آوٹ پر نیشنل بنک کے علی شان نے بال کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو 23 سال بعد قومی چیمپیئن بنا دیا۔ اختتامی تقریب کے مہان خصوصی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اولمپیئن اختر رسول تھے جبکہ اس موقع پر سابق اولمپیئنز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اختر رسول نے چیمپیئن بننے والی ٹیم کو سابق کپتان اسد ملک کے ہاتھوں ٹرافی دی جبکہ رنر اپ ٹرافی افضل منا اور تیسری پوزیشن کی ٹرافی بابر انصاری نے دی۔ اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد نے کہا کہ نئی انتظامیہ نے قومی کھیل کو گراس روٹ لیول پر فروغ دینے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلہ میں ہر مہینے آل پاکستان ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بخوبی اندازہ ہے کہ پاکستان ہاکی کن مسائل سے دو چار ہے انشااﷲ وعدہ کرتا ہوں کو اختر رسول کے ساتھ ملکر ایک مرتبہ پھر اس کھیل کو زندہ کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن