اسلام آباد : بس ٹرالر سے ٹکرا گئی ‘2 بچوں سمیت 11 جاں بحق ‘40 زخمی
اسلام آباد+ مظفر گڑھ (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ ایجنسیاں+ وقت نیوز) لاہور سے اسلام آباد جانے والی مسافر بس موٹروے ٹول پلازہ کے قریب ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 2 بچوں اور بس ہوسٹس سمیت 11 افراد جاں بحق جبکہ 40 زخمی ہوگئے۔ 5 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 6 زخمیوں نے ہسپتال جاکر دم توڑا۔ زخمیوں کو پمز اور راولپنڈی میں ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے متعددکی حالت تشویشناک ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق لاہور سے آنے والی مسافر بس اسلام آباد کے قریب موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب سیمنٹ سے بھرے ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ مسافر بس کا ایک حصہ دب گیا جس کی وجہ سے ہلاک اور زخمی ہونے والے مسافروں کو ریسکیو اہلکاروں نے بس کی باڈی کاٹ کر باہر نکالا۔ بس ٹرالر کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔ جاں بحق ہونیوالوں میں ہوسٹس اور دو بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے کی وجہ سے موٹر وے پر ٹریفک معطل ہوگئی جسے بعدازاں ایک طرف سے کھول دیا گیا بس میں 70 مسافر سوار تھے۔ حادثہ اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ سے پانچ کلو میٹر لاہور کے راستے میں بس اور ٹریلر کے درمیان پیش آیا۔ حادثے کے بعد ریسکیو کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں اور نعشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بھی امدادی کاموں میں حصہ لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق لاہور سے آنے والی مسافر بس اسلام آباد کے قریب موٹروے کے ٹول پلازہ کے قریب سیمنٹ سے بھرے ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ علاوہ ازیں مظفر گڑھ میں ٹرالی کی زد میں آکر تین موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گئے۔ منڈا چوک کے قریب ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس سے تین افراد جاں بحق ہو گئے، جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔