• news

یو اے ای کے شیخ ہمدان چولستان پہنچ گئے صدر شیخ خلیفہ کی آمد کل متوقع

رحیم یار خان‘ یزمان (نمائندہ خصوصی‘ خبر نگار) دبئی کے شیخ ہمدان بن راشد مکتوم چولستان پہنچ گئے۔ یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کل آئیں گے۔ توقع ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف چولستان میں واقع چاندنہ ائرپورٹ پر  متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کا استقبال کریں گے۔ ذرائع کے مطابق شیخ خلیفہ بن زید النہیان رحیم یارخان کے قریب واقع چولستان میں دو ہفتے سے زائد تک قیام کریں گے جہاں وہ تلور کا شکار بھی کریں گے جبکہ توقع ظاہر کی جا رہی کہ وہ چولستان میں اپنے قیام کے دوران اسلام آباد کا دورہ بھی کر سکتے ہیں جہاں وہ پاکستانی حکام سے دو طرفہ معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے جبکہ مزید معلوم ہوا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری بھی شیخ خلیفہ بن زید النہیان  سے ملاقات کے لئے رحیم یار خان آئیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری بھی انکے ہمراہ ہونگے۔ ضلعی انتظامیہ نے شیخ خلیفہ بن زید النہیان  کے دورہ پر سخت حفاظتی انتظامات کئے۔ پولیس کے خصوصی دستوں کے ساتھ ساتھ رینجرز کی تعیناتی بھی کی جا رہی ہے۔ شیخ ہمدان کی اپنے قیام کے دوران آج گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کا امکان ہے اور توقع ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف بھی ان سے ملاقات کر کے باہمی دلچسپی اور چولستان کی تعمیر و ترقی کیلئے گفتگو کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن