میرانشاہ: فورسز کی گاڑی پر حملہ، 2 اہلکار زخمی، ہنگو میں دھماکہ، خود کش بمبار مارا گیا
ہنگو؍ میرانشاہ (آن لائن+ ثناء نیوز) ضلع ہنگو کی تحصیل ٹل میں تخریب کاری کا ایک بڑا منصوبہ ناکام ہو گیا، خود کش کار دھما کے میں خود کش حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ خود کش حملہ آور کار میں جارہا تھا کہ علاقہ چرگانو میلہ میں اچانک زور دار دھماکہ ہو گیا۔ حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا ۔ دوآبہ پولیس کے مطابق حملہ آور دہشت گردی کی غرض سے جارہا تھا تاہم مطلوبہ مقام پر پہنچنے سے قبل دھماکہ ہوا جس سے حملہ اور ہلاک ہوگیا ۔ دریں اثناء شانگلہ کے علاقہ مارتونگ میں 5 کلو وزنی بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا گیا بم دودھ کے برتن میں نصب کیا گیا تھا۔ باجوڑ ایجنسی سے 7 مشتبہ دہشتگرد گرفتار کر لئے گئے سرکاری ذرائع نے کہا ہے کہ کاررورائی کے دوران سات راکٹ اور متعدد میزائل بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ قبل ازیں ٹل میں ایک گھر کے اندر گیس سلنڈر پھٹ جانے سے 2 بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔ دریں اثناء شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بم حملے کے نتیجے میں دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سکیورٹی فورسز کی گاڑی میر علی روڈ پر گشت کر رہی تھی کہ اچانک سڑک کنارے بم پھٹ گیا۔ سکیورٹی ذرائع نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بم دھماکہ ریمورٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔